ویانا میں یومِ آزادی کی تقریب، پاکستان آسٹریا کا تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

ویانا میں یومِ آزادی کی تقریب، پاکستان آسٹریا کا تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد( تر کیہ خبر) سفارتخانہ پاکستان ویانا نے سفیر کامران اختر ملک کی زیرِ صدارت پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے سلسلے میں پروقار استقبالیہ منعقد کیا، جس میں مختلف ممالک کے سفرا، سفارتی نمائندوں، آسٹرین حکام، کاروباری شخصیات اور پاکستانی برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔تقریب ویانا کے ہوٹل اننتارا پیلے میں منعقد ہوئی، جہاں پاکستان کے آموں کے میلے کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی آسٹریا کی وفاقی وزارت برائے یورپی و بین الاقوامی امور کے چیف آف پروٹوکول سفیر میکسیملین ہینیگ تھے۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد پاکستان اور آسٹریا کے قومی ترانے پیش کیے گئے۔ نظامت کے فرائض تھرڈ سیکرٹری سیدہ مبشرہ عروج نے انجام دیے۔سفیر پاکستان کامران اختر ملک نے خطاب سے قبل اسلام آباد کے پمز اسپتال کے مادر و طفل وارڈ میں آتشزدگی کے دوران 14 بچوں کے جاں بحق ہونے پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔اپنے خطاب میں سفیر نے پاکستانی قوم اور تقریب میں شریک مہمانوں کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن، باہمی احترام، کثیرالجہتی سفارت کاری اور عالمی تعاون کو اپنی خارجہ پالیسی میں اہمیت دیتا ہے۔کامران اختر ملک نے کہا کہ علاقائی و عالمی امن، اقتصادی و تجارتی روابط کا فروغ اور دوست ممالک کے ساتھ تعاون پاکستان کی خارجہ پالیسی کے بنیادی اجزا ہیں۔انہوں نے پاکستان اور آسٹریا کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، معاشی، تجارتی، ثقافتی اور عوامی روابط میں مزید وسعت کے وسیع امکانات موجود ہیں۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.