اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بڑی سہولت، پنجاب میں جائیداد کی ڈیجیٹل منتقلی لندن ہائی کمیشن سے ممکن
اسلام آباد (تر کیہ خبر) پاکستان ہائی کمیشن لندن نے اعلان کیا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے پنجاب میں جائیداد کی براہِ راست ڈیجیٹل منتقلی کی سہولت اب ہائی کمیشن میں بھی دستیاب ہوگئی ہے۔پاکستان ہائی کمیشن لندن کے مطابق یہ اقدام وزیراعظم کے بیرونِ ملک پاکستانیوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے اور قونصلر خدمات کو جدید بنانے کے وژن کے تحت متعارف کرایا گیا ہے۔ہائی کمیشن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ نئے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے اوورسیز پاکستانیوں کو جائیداد کی منتقلی کے لیے پاور آف اٹارنی، کسی تیسرے فرد یا ایجنٹ کی ضرورت نہیں رہے گی۔بیان کے مطابق جائیداد کی منتقلی کا مکمل عمل آن لائن ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مکمل کیا جاتا ہے، جس سے طریقہ کار مزید شفاف، محفوظ، تیز اور کم لاگت ہوگیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ اس سہولت کے باعث بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو صرف جائیداد کی منتقلی کے لیے پاکستان آنے کی ضرورت نہیں ہوگی، جس سے ان کے وقت اور اخراجات دونوں میں کمی آئے گی۔ہائی کمیشن کے مطابق اس نظام کے تحت مسٹر فضل اور ان کے اہلِ خانہ کی جائیداد منتقلی کا عمل کامیابی سے مکمل کیا جا چکا ہے، جو اس سہولت کی عملی کامیابی کا ثبوت ہے۔