او آئی سی اور بحرین کا مکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم
ریاض، منامہ( مانیٹرنگ ڈیسک) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور بحرین نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ نے معاہدے کو اہم اسٹریٹجک پیش رفت قرار دیتے ہوئے اس کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے تاریخی معاہدے کی تکمیل پر تینوں ممالک کی قیادت کی دانشمندانہ حکمت عملی اور کوششوں کو سراہا۔حسین ابراہیم طہٰ کے مطابق معاہدہ خطے اور مسلم دنیا میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ بڑھتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے، رکن ممالک میں یکجہتی بڑھانے اور تعمیری شراکت داری کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔دوسری جانب بحرین کی وزارت خارجہ نے بھی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی دفاعی صلاحیتوں اور فوجی تجربے کو سراہا۔ بحرین نے معاہدے کو خطے کے وسیع دفاعی نظام میں اہم اضافہ قرار دیا۔بحرینی وزارت خارجہ کے مطابق یہ معاہدہ علاقائی سلامتی و استحکام کے فروغ اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کی پاسداری کے حوالے سے تینوں ممالک کے کردار کا اظہار ہے۔ معاہدہ خلیج تعاون کونسل کے اجتماعی دفاعی نظام کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔بحرین نے واضح کیا کہ سعودی عرب کی سلامتی اس کی اپنی سلامتی سے جڑی ہوئی ہے اور وہ قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ بحرین نے علاقائی سالمیت کے تحفظ اور تنازعات کے سیاسی حل کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔