نیو یارک ( مانیٹرنگ ڈیسک)اقوام متحدہ میں ایران کے مشن نے امریکا پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن کے غیر ضروری اور سخت مطالبات نے جوہری عدم پھیلاؤ سے متعلق مذاکرات کو ناکامی اور تعطل کی صورتحال تک پہنچا دیا ہے۔ایرانی مشن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں دعویٰ کیا کہ نیوکلیئر نان پرولیفریشن ٹریٹی کی جائزہ کانفرنس مسلسل تیسری بار امریکا اور اس کے اتحادیوں کی رکاوٹوں کے باعث کسی نتیجے تک نہیں پہنچ سکی۔بیان کے مطابق امریکا نے اس کانفرنس کو ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق متنازع بحث میں تبدیل کرنے کی کوشش کی، جس کے باعث رکن ممالک کے درمیان اتفاق رائے پیدا نہ ہو سکا۔دوسری جانب ایک امریکی غیر سرکاری تنظیم نے بھی اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی کانفرنس کسی حتمی معاہدے کے بغیر ختم ہوئی، جس کی بڑی وجہ ایران کے جوہری پروگرام پر اختلافات تھے۔ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر عالمی سطح پر جوہری ہتھیاروں کے خاتمے اور تخفیفِ اسلحہ کی سنجیدہ کوششیں نہ کی گئیں تو جوہری عدم پھیلاؤ کا نظام کمزور ہو سکتا ہے۔
جوہری مذاکرات تعطل کا شکار، عالمی کانفرنس ناکام،ایران کا امریکا پر الزام
واپس خبروں پر
Category:
عالمی خبریں