نارفولک ساحل پر کچرا پھینکنے کا جرمانہ 500 پاؤنڈ تک ہوگا

نارفولک ساحل پر کچرا پھینکنے کا جرمانہ 500 پاؤنڈ تک ہوگا

نارفولک( مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ کے معروف نارفولک ساحل پر گندگی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی تیاری کی جا رہی ہے، جس کے تحت کچرا پھینکنے پر عائد موجودہ زیادہ سے زیادہ 80 پاؤنڈ جرمانہ بڑھا کر 500 پاؤنڈ کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق غیر قانونی طور پر کچرا یا فضلہ پھینکنے کے خلاف جرمانے میں بھی اضافہ زیر غور ہے۔ موجودہ 300 پاؤنڈ کی حد کو بڑھا کر ایک ہزار پاؤنڈ تک کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔نارتھ نارفولک ڈسٹرکٹ کونسل کے کابینہ رکن نے کہا کہ مختلف علاقوں میں سڑکوں اور عوامی مقامات پر کچرا پھینکے جانے پر لوگوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ ان کے مطابق بھاری جرمانوں سے لوگوں کو خلاف ورزی سے قبل اس کے نتائج پر غور کرنے پر مجبور کیا جا سکے گا۔نارتھ نارفولک میں کرومر، شیرنگھم اور ویسٹ رنٹن سمیت تقریباً 45 میل طویل ساحلی پٹی موجود ہے، جہاں ملک کے مختلف حصوں سے بڑی تعداد میں سیاح آتے ہیں۔کونسل کے ترجمان نے کہا کہ قانونی دائرے میں رہتے ہوئے جرمانوں میں اضافہ گندگی اور غیر قانونی فضلہ پھینکنے کے خلاف مؤثر پیغام دے گا اور ماحولیاتی آلودگی سے متعلق جرائم کی روک تھام میں معاون ثابت ہوگا۔ترجمان کے مطابق مجوزہ اضافہ متناسب ہے اور کچرے سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں عوامی شعور اجاگر کرنے کی وسیع تر مہم کا بھی حصہ ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.