ترکیہ خبر

دفاعِ وطن پر کوئی سمجھوتہ نہیں، دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا: سیاسی، عسکری قیادت

دفاعِ وطن پر کوئی سمجھوتہ نہیں، دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا: سیاسی، عسکری قیادت

اسلام آباد( ترکیہ خبر)پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملکی دفاع، خودمختاری اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔گزشتہ برس بھارتی اشتعال انگیزی کے دوران پاکستان نے واضح طور پر خبردار کیا تھا کہ کسی بھی مہم جوئی کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے تحفظ اور ملکی سلامتی کیلئے افواجِ پاکستان ہر وقت تیار ہیں۔8 مئی 2025 کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارتی اشتعال انگیزی کو بے نقاب کرتے ہوئے بتایا تھا کہ پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے تمام اسرائیلی ساختہ بھارتی ڈرونز کو کامیابی سے تباہ کر دیا گیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس موقع پر کہا تھا کہ بھارت کی جارحانہ پالیسیوں نے پورے خطے کو جنگ کے خطرات سے دوچار کیا، تاہم پاکستان نے ذمہ داری اور تحمل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا تھا کہ اگر پاکستان جواب دے گا تو اس کا اثر پوری دنیا محسوس کرے گی۔پاکستانی عسکری قیادت نے اس عزم کو دہرایا کہ ملکی سرحدوں اور قومی سلامتی کے دفاع کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا اور دشمن کی کسی بھی کارروائی کو ناکام بنایا جائے گا۔عالمی دفاعی ماہرین کے مطابق بھارت نے بارہا تنبیہات کے باوجود اشتعال انگیزی کا راستہ اختیار کیا جس کے نتیجے میں اسے عالمی سطح پر سبکی کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ پاکستان نے اپنی عسکری حکمت عملی، دفاعی تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھا۔