مقدس مقامات کے تحفظ کیلئے کسی معاہدے کی ضرورت نہیں: خواجہ آصف
اسلام آباد( تر کیہ خبر) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ اور دیگر مقدس مقامات کے تحفظ کیلئے کسی معاہدے کی ضرورت نہیں، ان کی حفاظت پاکستان کی ذمہ داری اور فریضہ ہے۔نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ مکہ معاہدہ موجود نہ بھی ہو تو پاکستان مقدس مقامات کے تحفظ کیلئے اپنا فرض ادا کرے گا۔ ان کے مطابق موجودہ حالات میں معاہدے پر عمل درآمد کی صورتحال پیدا ہوتی دکھائی دے رہی ہے، تاہم وہ اس کی تفصیلات بیان نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ اگر سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان کشیدگی بڑھ کر باقاعدہ جنگ کی شکل اختیار کرتی ہے تو پاکستان اور ترکیہ عملی و سفارتی طور پر سعودی عرب کی حمایت کریں گے۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ حوثیوں کے سعودی عرب پر حملوں کی صورت میں ایران کا کسی ایک فریق کی حمایت کرنا مناسب نہیں ہوگا اور اس کے امکانات بھی کم ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کی جانب سے متعلقہ پیغامات بھی پہنچائے جاچکے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان خلیجی تنازع پہلے ہی نازک اور غیر یقینی مرحلے میں ہے، اس لیے کسی نئے محاذ کو وسعت دینے کے بجائے کشیدگی کو مزید پھیلنے سے روکنا ہی بہتر ہوگا۔