لبنان اور اسرائیل مذاکرات کا نیا دور 23 سے 25 جون واشنگٹن میں ہوگا
واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی وزارتِ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور 23 سے 25 جون تک واشنگٹن میں منعقد کیا جائے گا۔یہ اعلان امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور لبنانی صدر جوزف عون کے درمیان ہونے والے ٹیلی فونک رابطے کے بعد سامنے آیا۔امریکی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ٹومی پیگوٹ کے مطابق مارکو روبیو نے حزب اللہ کے اسلحے کی واپسی اور غیر مسلح کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور ایک ایسی خودمختار لبنانی ریاست کے لیے امریکی حمایت کا اعادہ کیا جو اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ امن میں رہے۔رپورٹس کے مطابق اسرائیلی اور لبنانی مذاکرات کے نئے دور میں لبنانی فوج کے ذریعے حزب اللہ کے ہتھیاروں کو ناکارہ بنانے کے منصوبے کے لیے تجرباتی علاقے بھی متعین کیے جائیں گے۔امریکی منصوبے کے تحت یہ علاقے ان مقامات پر ہوں گے جہاں اس وقت اسرائیلی فوج موجود ہے، جس کے نتیجے میں بعض علاقوں سے اسرائیلی افواج کے جزوی انخلا کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب لبنانی صدر جوزف عون نے امریکی وزیر خارجہ کو بتایا کہ جامع جنگ بندی اسرائیل کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت کے لیے بنیادی شرط ہے۔انہوں نے زور دیا کہ اسرائیلی جارحیت کا خاتمہ ضروری ہے اور جنگ بندی کو آئندہ واشنگٹن مذاکرات کے لیے بنیادی ستون سمجھا جاتا ہے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حالیہ کشیدگی کے دوران متعدد ہلاکتوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے بعد خطے کی صورتحال مزید حساس ہو گئی ہے۔