کنشاسا( مانیٹرنگ ڈیسک) افریقہ کی صحت عامہ کی ایجنسی نے جمہوریہ کانگو میں ایبولا وائرس کی نئی وبا پھیلنے کی تصدیق کر دی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کانگو کے صوبے ایتوری میں اب تک 65 اموات ہو چکی ہیں جبکہ 246 مشتبہ کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔افریقہ سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے مطابق صحت کے حکام اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا اس وبا میں ایبولا زائر وائرس کے اثرات شامل ہیں یا نہیں، جو اس وائرس کی سب سے خطرناک قسم تصور کی جاتی ہے۔ہمسایہ ملک یوگینڈا نے بھی ایبولا سے منسلک ایک موت کی تصدیق کی ہے۔ وبا مشرقی کانگو کے مونگوالو اور روامپارا ہیلتھ زونز میں زیادہ پھیل رہی ہے۔یہ علاقہ یوگینڈا اور جنوبی سوڈان کی سرحدوں کے قریب واقع ہے، جس کے باعث حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ وبا سرحد پار ممالک تک بھی پھیل سکتی ہے۔