نیتن یاہو کا خفیہ دورہ ابوظہبی، اماراتی صدر سے ملاقات کا دعویٰ
ابوظہبی (مانٹرنگ ڈیسک) برطانوی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے متحدہ عرب امارات کا خفیہ دورہ کیا اور ابوظہبی میں اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید سے ملاقات کی۔برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق نیتن یاہو نے نجی طیارے کے ذریعے ابوظہبی کا سفر کیا، جہاں انہوں نے تقریباً ایک روز قیام کیا اور پھر اسرائیل واپس روانہ ہوگئے۔ ملاقات کے ایجنڈے اور دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔ایک سینئر اسرائیلی عہدیدار نے خبر ایجنسی سے گفتگو میں ملاقات کی تصدیق کی، تاہم اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر اور اماراتی وزارت خارجہ کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔ اماراتی وزارت خارجہ نے بھی اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔واضح رہے کہ رواں سال مئی میں بھی اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے نیتن یاہو کے متحدہ عرب امارات کے دورے اور اماراتی صدر سے ملاقات کا اعلان کیا تھا، تاہم اماراتی حکام نے اس ملاقات کی تردید کردی تھی۔یہ ملاقات ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے باہمی تعلقات کے ساتھ خطے کی سلامتی کی صورتحال بھی عالمی توجہ کا مرکز ہے۔ دونوں ممالک نے 2020 میں ابراہیمی معاہدوں کے تحت سفارتی تعلقات قائم کیے تھے، جس کے بعد مختلف شعبوں میں دوطرفہ روابط جاری رہے۔اسرائیلی اخبار ہارٹز نے رواں ماہ رپورٹ کیا تھا کہ شیخ محمد بن زاید نے 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے سے تقریباً ڈیڑھ ہفتہ قبل نیتن یاہو کو حماس کی جانب سے بڑے آپریشن کی مبینہ تیاری سے آگاہ کیا تھا۔ نیتن یاہو نے اس رپورٹ کی تردید کی، جبکہ متحدہ عرب امارات نے اس حوالے سے براہ راست کوئی تبصرہ نہیں کیا۔برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی امور پر رابطے برقرار رہے ہیں۔ تاہم ماضی میں ایک اماراتی ذریعے کا کہنا تھا کہ ایسے معاملات متعلقہ اداروں کے ذریعے زیر بحث آتے ہیں، قومی رہنماؤں کی سطح پر نہیں۔ تازہ ملاقات سے متعلق مزید تفصیلات دونوں حکومتوں کی جانب سے باضابطہ وضاحت کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔