نیتن یاہو نے ٹرمپ کا غزہ امن منصوبہ مسترد کردیا
تل ابیب( مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ کے لیے پیش کیے گئے 15 نکاتی امن منصوبے کو مسترد کردیا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو نے واضح کیا کہ اسرائیلی فوج غزہ سے اس وقت تک انخلا نہیں کرے گی جب تک حماس کو مکمل طور پر غیر مسلح نہیں کردیا جاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل حماس کی ظاہری کمزوری نہیں بلکہ اس کی حقیقی عسکری صلاحیتوں کا مکمل خاتمہ چاہتا ہے۔نیتن یاہو کے مطابق اس معاملے پر امریکا کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، امریکی حکام کی بعض تجاویز قابل قبول ہیں جبکہ کچھ نکات اسرائیل کے لیے ناقابل قبول ہیں۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ کے لیے 15 نکاتی امن منصوبہ پیش کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے ذریعے خطے کو جنگ بندی سے نکال کر معاشی ترقی اور بہتری کی طرف لے جایا جاسکتا ہے۔