ٹرمپ سے ملاقات نہ ہونے پر نیتن یاہو کا دورہ امریکا منسوخ
تل ابیب( مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی درخواست پر مثبت جواب نہ ملنے کے بعد آئندہ ہفتے کا مجوزہ دورہ امریکا منسوخ کر دیا۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو امریکی صدر سے ملاقات کے خواہاں تھے، تاہم وائٹ ہاؤس کے شیڈول میں ایسی کوئی ملاقات شامل نہیں کی گئی۔وائٹ ہاؤس حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے ملاقات کو طے شدہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی، جبکہ اس کی باضابطہ منظوری نہیں دی گئی تھی۔رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نیتن یاہو کے ایک حالیہ ٹی وی انٹرویو پر بھی ناراض ہیں، جس میں اسرائیلی وزیراعظم نے ترکیہ کو جدید جنگی طیاروں کی فروخت سے متعلق امریکی منصوبے پر تنقید کی تھی۔سیاسی مبصرین کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات نہ ہونا حالیہ دنوں میں پیدا ہونے والے اختلافات کی عکاسی کرتا ہے۔