وزیراعظم کے فیصلوں پر عملدرآمد میں غفلت، 41 افسران کو ہدایت
اسلام آباد( تر کیہ خبر) وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزارتوں کی جانب سے ان کے فیصلوں پر عملدرآمد میں تاخیر اور غیر سنجیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے 41 وفاقی سیکریٹریوں اور اداروں کے سربراہان کو واضح اور سنجیدہ اقدامات کی ہدایت کردی۔وزیراعظم آفس نے ایک وفاقی وزارت کی جانب سے وزیراعظم کے احکامات پر مؤثر عملدرآمد نہ ہونے کی نشاندہی کے بعد تمام متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔ سرکاری مراسلے میں کسی مخصوص وزارت کا نام ظاہر نہیں کیا گیا بلکہ ایک واقعے کا حوالہ دے کر عملدرآمد کی صورتحال پر توجہ دلائی گئی ہے۔مراسلے کے مطابق وزیراعظم نے متعلقہ وزارت کے غیر سنجیدہ طرزِ عمل پر تشویش کا اظہار کیا، جس کے باعث عوامی مفاد کے اہم معاملات میں بروقت پیش رفت اور بہتر حکمرانی کی کوششیں متاثر ہورہی ہیں۔وزیراعظم آفس نے کہا کہ وزارت اور اس سے وابستہ اداروں کی سست روی سے فیصلوں پر عملدرآمد میں غیر ضروری تاخیر ہوئی، جبکہ مختلف وزارتوں کے درمیان مطلوبہ تعاون بھی فراہم نہیں کیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایات کے مقاصد، نتائج اور ان پر پیش رفت کی نگرانی میں کمی کا بھی سنجیدگی سے نوٹس لیا۔مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ آئندہ وزیراعظم کی پالیسی ہدایات پر مقررہ وقت میں عمل کیا جائے، مؤثر نگرانی اور پیش رفت یقینی بنائی جائے اور حکومتی فیصلوں کے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔