قائداعظم کی 78ویں برسی، قوم کاعظیم رہنما کو خراج عقیدت پیش
کراچی ( تر کیہ خبر) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 78ویں برسی آج ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔برصغیر کے مسلمانوں کے لیے آزاد اور خودمختار وطن کے قیام کی جدوجہد کی قیادت کرنے والے عظیم رہنما کو پوری قوم آج خراج عقیدت پیش کر رہی ہے۔ یہ دن جہاں قائداعظم کی وفات کا غم تازہ کرتا ہے، وہیں ان کے نظریات پر عمل کی تجدید کا موقع بھی ہے۔25 دسمبر 1876ء کو کراچی میں پیدا ہونے والے محمد علی جناح نے اپنی سیاسی بصیرت اور قائدانہ صلاحیتوں سے مسلمانوں کے لیے الگ وطن کے خواب کو حقیقت میں بدل دیا۔ شدید علالت کے باوجود انہوں نے قیام پاکستان کے لیے دن رات کام کیا اور آزادی کے بعد کراچی کو ملک کا پہلا دارالحکومت قرار دیا۔قائداعظم کی بے مثال قیادت، دوراندیشی اور اصول پسندی کے نتیجے میں پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک آزاد ریاست کے طور پر ابھرا۔ قیام پاکستان کے صرف 13 ماہ بعد 11 ستمبر 1948ء کو قائداعظم 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔قائداعظم کا دیا ہوا اصول ’’اتحاد، ایمان، تنظیم‘‘ محض ایک نعرہ نہیں بلکہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔ آج کا دن اس عزم کی یاد دہانی بھی ہے کہ مضبوط، مستحکم اور باوقار پاکستان کے لیے قوم کو قائداعظم کے نظریات پر خلوص کے ساتھ عمل کرنا ہوگا۔بابائے قوم کا پیغام اتحاد، محنت اور نظم و ضبط کے ذریعے پاکستان کو مضبوط اور باوقار ریاست بنانے کی تلقین کرتا ہے۔