میانمار کا لڑاکا طیارہ پرندہ ٹکرانے سے تباہ، پائلٹ محفوظ
ینگون( مانیٹرنگ ڈیسک) میانمار کی فضائیہ کا ایک لڑاکا طیارہ تربیتی مشق کے دوران پرندہ ٹکرانے کے باعث حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا، تاہم پائلٹ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اپنی جان بچالی۔عالمی میڈیا کے مطابق واقعہ ینگون ریجن کے ہماوبی ٹاؤن شپ کے قریب نیاؤنگ ناپن گاؤں میں پیش آیا، جہاں مقامی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 16 منٹ پر تربیتی پرواز کے دوران طیارے کو حادثہ پیش آیا۔حکام کے مطابق پرندہ طیارے کے انجن میں پھنس گیا جس کے باعث انجن میں آگ بھڑک اٹھی اور طیارہ زمین پر گر کر تباہ ہوگیا۔رپورٹ کے مطابق پائلٹ نے طیارے کا رخ آبادی سے دور کر دیا اور بعد ازاں بحفاظت ایجیکٹ کر لیا، جس سے کسی جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔حادثے کے بعد سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر حفاظتی اقدامات شروع کر دیے، جبکہ حکام نے تصدیق کی کہ عملے کا کوئی فرد زخمی نہیں ہوا۔