لاہور( ترکیہ خبر) مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے باعث یکم محرم الحرام 1448 ہجری 17 جون بروز بدھ کو ہوگی، جبکہ یوم عاشور 26 جون بروز جمعہ منایا جائے گا۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی صدارت میں لاہور میں منعقد ہوا، جس میں علما اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد اعلان کیا گیا کہ ملک کے کسی حصے سے چاند نظر آنے کی قابلِ قبول شہادت موصول نہیں ہوئی۔مولانا عبدالخبیر آزاد نے اپنے بیان میں قومی قیادت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کی اعلیٰ قیادت کی مسلسل سفارتی کاوشوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم اور عسکری قیادت کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ قوم ہر قسم کی تخریبی سازشوں کے خلاف متحد ہے اور ملکی سلامتی کے لیے خدمات انجام دینے والے سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔