موساد سربراہ کا شامی وزیر خارجہ سے رابطہ، ترک فوجی موجودگی پر گفتگو
دمشق( مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ رومان گوفمان نے شامی وزیر خارجہ اسعد الشیبانی سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے شام میں ترکیہ کی بڑھتی ہوئی فوجی سرگرمیوں پر بات چیت کی۔خبر ایجنسی کے مطابق دونوں کے درمیان یہ رابطہ 14 اگست کو شام میں اسرائیلی فضائی حملوں سے چند روز قبل ہوا۔ گفتگو میں شام میں ترک فوجیوں کی تعیناتی، اسلحہ اور ڈرونز کی فراہمی سمیت دیگر فوجی منصوبوں کا معاملہ زیر بحث آیا۔رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے شامی حکومت کو ترکیہ کی بڑھتی ہوئی فوجی موجودگی پر اپنی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے خبردار کیا تھا۔ اس کے بعد 18 اگست کو اسرائیلی طیاروں نے شمالی شام کے ابو الظہور ایئربیس پر حملے کیے۔اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے بھی کہا تھا کہ اسرائیل شام میں ایسی ترک فوجی موجودگی برداشت نہیں کرے گا جسے وہ اپنے لیے خطرہ تصور کرے۔