مون سون تباہ کاریاں، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 43 اموات رپورٹ
لاہور، پشاور( ترکیہ خبر) پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں اور سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، جس کے مطابق مختلف حادثات میں اب تک 43 افراد جاں بحق جبکہ متعدد مکانات متاثر ہوئے ہیں۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے مطابق رواں سال مون سون بارشوں کے نتیجے میں صوبے میں 21 افراد جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے۔ تاہم سیلابی ریلوں میں بہنے یا پھنسنے کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔رپورٹ کے مطابق بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 2، عمارتیں گرنے سے 15، بجلی کا کرنٹ لگنے سے 3 جبکہ پانی میں ڈوبنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ مون سون بارشوں سے 38 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ ایک مویشی بھی ہلاک ہوا۔ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب نے خبردار کیا ہے کہ مزید بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ موجود ہے۔خیبرپختونخوا:دوسری جانب خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات پیش آئے، جن میں 22 افراد جاں بحق جبکہ 23 زخمی ہوئے۔رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 9 مرد، 10 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 11 مرد، 5 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں۔پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کے مطابق بارشوں سے 37 مکانات متاثر ہوئے، جن میں سے 8 مکمل طور پر تباہ جبکہ 29 کو جزوی نقصان پہنچا۔حکام کے مطابق حادثات پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی اور چترال لوئر سمیت مختلف اضلاع میں پیش آئے۔ اس کے علاوہ دیر لوئر و اپر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، ٹانک، تورغر، کرم اور شمالی و جنوبی وزیرستان کے علاقے بھی متاثر ہوئے ہیں۔