محسن نقوی کا انسانی اسمگلنگ، حوالہ ہنڈی مافیا پر کریک ڈاؤن کا حکم

محسن نقوی کا انسانی اسمگلنگ، حوالہ ہنڈی مافیا پر کریک ڈاؤن کا حکم

لاہور( تر کیہ خبر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کے لاہور زونل دفتر کا دورہ کیا اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کی ہدایت کردی۔اجلاس میں محسن نقوی نے ایف آئی اے لاہور زونل دفتر کی توسیع و بہتری کے منصوبے کا جائزہ لیا اور اسے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے انسانی اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے پر بھی زور دیا۔وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ انسانی اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی مافیا کے پورے نیٹ ورک کو قانون کے دائرے میں لایا جائے اور جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے۔محسن نقوی نے کہا کہ جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائی ایف آئی اے کی ذمہ داری ہے اور اس کے نتائج واضح طور پر سامنے آنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے افسران اور اہلکاروں کو تمام ضروری سہولیات اور وسائل فراہم کیے جارہے ہیں، جبکہ مزید وسائل بھی مہیا کیے جائیں گے۔اجلاس میں ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر امیگریشن کاؤنٹرز کے پرانے کیمرے تبدیل کرکے جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیمرے نصب کرنے کی اصولی منظوری دی گئی۔شکایات کے اندراج کے لیے پاک شناخت ایپ کی سہولت استعمال کرنے کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا۔ایف آئی اے لاہور زونل دفتر کے ڈائریکٹر نے دفتر کی کارکردگی اور بہتری کے منصوبے پر پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ گزشتہ ایک سال میں 1670 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ 5 ہزار تحقیقات میں سے 4 ہزار مکمل کی جاچکی ہیں۔ اسی عرصے میں 295 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔اجلاس میں ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل، لاہور زونل دفتر کے ڈائریکٹر اور تمام حلقہ انچارجز نے شرکت کی۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.