محسن نقوی کی مکہ ریجن کے قائم مقام گورنر سے ملاقات

محسن نقوی کی مکہ ریجن کے قائم مقام گورنر سے ملاقات

 اسلام آباد( ترکیہ خبر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جدہ میں مکہ ریجن کے قائم مقام گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور مختلف شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں گورنر جدہ شہزادہ سعود بن عبداللہ بن جلوی، گورنر طائف شہزادہ سعود بن نہار بن سعود اور شاہی خاندان کی دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔اس موقع پر محسن نقوی نے پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی، برادرانہ اور مضبوط تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے عمرہ اور حج کے دوران پاکستانی زائرین کے لیے کیے گئے بہترین انتظامات پر قائم مقام گورنر مکہ ریجن کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔قائم مقام گورنر مکہ ریجن نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے درمیان ہونے والے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے شعبے میں تعاون کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دینے اور ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ملاقات میں جدہ میں بین الاقوامی معیار کے پہلے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے منصوبے پر بھی گفتگو ہوئی۔ قائم مقام گورنر نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.