ایرانی صدر سے ملاقات مثبت اور نتیجہ خیز رہی:محسن نقوی
اسلام آباد( تر کیہ خبر) وزیر داخلہ محسن نقوی نے دورہ ایران کے دوران اہم پیش رفت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز رہی۔اپنے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں محسن نقوی نے بتایا کہ ملاقات میں ایران اور امریکا کے درمیان تنازع، مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی بحالی کے لیے دونوں جانب سے درکار اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جو تنازع کے جامع حل کی جانب پیش رفت کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔محسن نقوی کے مطابق ایرانی صدر نے اپنی حکومت کا مؤقف اور خدشات واضح طور پر پیش کیے، جبکہ متعلقہ امور پر تعمیری اور مفید گفتگو ہوئی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ملاقات اہم پیش رفت کے ساتھ مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور امید ہے کہ یہ پیش رفت مستقبل میں مزید مثبت اقدامات کی راہ ہموار کرنے کے ساتھ خطے میں دیرپا امن کے قیام میں بھی معاون ثابت ہوگی۔