ترکیہ خبر

خیبرپختونخوا کے حقوق اور وفاقی بجٹ پر سہیل آفریدی اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات

خیبرپختونخوا کے حقوق اور وفاقی بجٹ پر سہیل آفریدی اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات

اسلام آباد( ترکیہ خبر)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے مفتی محمود مرکز میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، صوبائی حقوق، اور وفاقی بجٹ سمیت آئندہ مالی سال کے لیے وسائل کی تقسیم پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے اس موقع پر کہا کہ ضم شدہ اضلاع کا حصہ این ایف سی ایوارڈ میں صوبے کو نہیں دیا جا رہا، جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے گندم کی فراہمی میں رکاوٹوں کا بھی سامنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاق کی جانب سے خیبرپختونخوا کو گیس کی فراہمی میں رکاوٹیں تشویشناک ہیں۔ ان کے مطابق صوبہ 500 ایم ایم سی ایف ڈی سے زائد گیس پیدا کرتا ہے لیکن اس کے باوجود اسے اپنے حصے کے مطابق گیس نہیں مل رہی۔محمد سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ صوبہ اپنی ضروریات کے لیے تقریباً 150 ایم ایم سی ایف ڈی گیس استعمال کرتا ہے، تاہم اس کے باوجود فراہمی میں مشکلات ناقابل قبول ہیں۔انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ وفاق اور پنجاب حکومت کا طرز عمل آئین کے متعلقہ آرٹیکلز کی خلاف ورزی کے مترادف ہے اور خیبرپختونخوا کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے سینئر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔