ترکیہ کی فولاد ساز فیکٹری میں خوفناک دھماکا، 16 کارکن جاں بحق

ترکیہ کی فولاد ساز فیکٹری میں خوفناک دھماکا، 16 کارکن جاں بحق

استنبول (مانیٹرنگ ڈیسک) ترکیہ کے مغربی صوبے ازمیر میں فولاد تیار کرنے والے کارخانے میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے، حادثے کے باعث فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی اور علاقے میں دھویں کے بادل چھا گئے۔حکام کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد حاباس فولاد کارخانے کے ملازمین تھے، جو ترکیہ کے بڑے فولاد ساز اداروں میں شمار ہوتا ہے۔ذرائع ابلاغ پر نشر ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز میں کارخانے کے اندر آگ کے شعلے اور آسمان کی جانب بلند ہوتے دھویں کے سیاہ بادل دیکھے گئے۔ازمیر کے گورنر سلیمان البان نے بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک متبادل بھٹی منتقل کرنے والی کرین اچانک گر گئی اور اس پر لدا سامان نیچے موجود بھٹی میں جا گرا، جس سے زوردار دھماکا ہوگیا۔دوسری جانب کمپنی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حادثہ کارخانے کی برقی قوسی بھٹی میں معمول کی مرمت اور دیکھ بھال کے دوران پیش آیا۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بعض افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، جن کی تلاش کا عمل جاری ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.