غزہ میں بارشوں نے بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات مزید بڑھا دیں، 5 شہید

غزہ میں بارشوں نے بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات مزید بڑھا دیں، 5 شہید

غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ میں موسم سرما کی بارشوں اور انسانی امداد کی فراہمی میں اسرائیلی رکاوٹوں کے باعث بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا، خیموں میں پناہ لینے والے افراد شدید سردی اور نامساعد حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔بارش کے باعث خیموں پر مٹی کا بھاری تودہ گرنے سے 4 بچے اور ایک خاتون شہید ہوگئے، جبکہ امدادی کارکنوں نے روشنی کے لیے ٹارچ استعمال کرتے ہوئے ملبے تلے دبے 5 زخمیوں کو نکال لیا۔ ہزاروں بچے بھیگے ہوئے بستروں پر رات گزارنے پر مجبور ہیں۔اقوام متحدہ کے مطابق اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ کی تقریباً 80 فیصد عمارتیں تباہ یا متاثر ہوچکی ہیں، جبکہ 12 لاکھ افراد خیموں اور عارضی پناہ گاہوں میں زندگی گزار رہے ہیں۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی عوام کو انسانی امداد سے محروم رکھنے کی اسرائیلی پالیسی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں خیموں کا پانی میں ڈوب جانا اور معصوم بچوں کا بے سہارا ہونا انتہائی افسوس ناک ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ سردی اور بھوک سے دوچار فلسطینیوں کی حالت زار دل دہلا دینے والی ہے۔ انہوں نے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے وزارت خارجہ کو ہدایت کی کہ متاثرہ فلسطینیوں تک انسانی امداد پہنچانے اور اس کی مقدار بڑھانے کے لیے تمام ممکنہ ذرائع استعمال کیے جائیں۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.