مریم نواز کا سنکیانگ میں جدید ڈیری کمپنی کا دورہ
لاہور( تر کیہ خبر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چین کے دورے کے دوران سنکیانگ میں معروف ٹائرن وزڈم ڈیری کمپنی کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا، جہاں کمپنی حکام نے ان کے وفد کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔مریم نواز شریف نے ڈیری کمپنی کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا اور جدید مویشی پالنے اور دودھ کی تیاری و پیکنگ کے نظام کا مشاہدہ کیا۔ کمپنی حکام نے وزیراعلیٰ کو مختلف شعبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ نے دودھ کی تیاری کے عمل کا ڈیجیٹل معائنہ بھی کیا، جبکہ ماہرین نے انہیں دودھ، دہی اور دیگر مصنوعات کی تیاری کے مختلف مراحل سے آگاہ کیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹائرن وزڈم ڈیری چین کے مختلف علاقوں میں جدید مویشی پالنے کے حوالے سے نمایاں مقام رکھتی ہے۔ کمپنی کے فارموں میں مویشیوں کی صحت اور صفائی کے اصولوں کے مطابق دیکھ بھال کی جاتی ہے، جبکہ دودھ اور دیگر مصنوعات جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تیار کی جاتی ہیں۔اس موقع پر مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں مویشی پالنے کے شعبے کی ترقی کے منصوبے مثبت نتائج دے رہے ہیں۔ دیہی خواتین کو مالی طور پر خودمختار بنانے اور مویشیوں کی افزائش کے لیے بھی خصوصی منصوبے جاری ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مویشیوں کو فربہ کرکے گوشت کی پیداوار کے لیے تیار کیا جارہا ہے۔ پنجاب حکومت چین کے تعاون سے صوبے میں دودھ اور ڈیری مصنوعات کی تیاری کا جدید منصوبہ قائم کرنا چاہتی ہے تاکہ جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا کر ڈیری کے شعبے کو مزید ترقی دی جاسکے۔