مکہ دفاعی معاہدہ خطے کے دفاع میں اہم کردار ادا کرے گا: شہباز شریف
اسلام آباد( تر کیہ خبر) وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حمایت بھرے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے حوصلہ افزا کلمات کو سراہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مل کر پاکستان برادر ممالک سمیت پورے خطے کے دفاع اور سلامتی کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی فیصلہ کن کاوشوں نے جنوبی ایشیا میں جوہری تباہی کا خطرہ ٹالنے اور لاکھوں جانیں بچانے میں مدد دی۔انہوں نے کہا کہ پائیدار امن عوام کے روشن اور خوشحال مستقبل کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے ایک اہم اور جرات مندانہ اقدام قرار دیا ہے۔ دوسری جانب ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے مطابق مصر بھی اس دفاعی معاہدے کا حصہ بننے میں دلچسپی رکھتا ہے۔