مکہ دفاعی معاہدہ خطے کے امن کیلئے اہم سنگ میل ثا بت ہو گا، احسن اقبال
اسلام آباد( تر کیہ خبر) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مکرمہ میں ہونے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کو خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم پیش رفت قرار دے دیا۔احسن اقبال نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں طے پانے والا معاہدہ تین برادر اسلامی ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور اسٹریٹجک تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔ان کے مطابق پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا دفاعی اشتراک اجتماعی سلامتی اور خطے میں امن کے مشترکہ عزم کو مزید تقویت دے گا، جبکہ معاہدہ تینوں ممالک کے محفوظ، مستحکم اور خوشحال مستقبل کی خواہش کا اظہار ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ مکہ معاہدہ مسلم امہ کے اتحاد، باہمی تعاون اور مشترکہ سلامتی کے حوالے سے خوش آئند پیش رفت ہے۔احسن اقبال کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان کی دفاعی سفارت کاری نے ایک اہم مرحلہ طے کرلیا ہے۔