ترکیہ خبر

گوادر پورٹ پر بڑے ریلیف کا اعلان، ٹیرف میں نمایاں کمی

گوادر پورٹ پر بڑے ریلیف کا اعلان، ٹیرف میں نمایاں کمی

گوادر( ترکیہ خبر)وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے گوادر پورٹ کو علاقائی تجارتی مرکز بنانے کے لیے ٹیرف میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا۔وفاقی وزیر کے مطابق کنٹینر بردار جہازوں کی برتھنگ فیس میں 25 فیصد جبکہ بین الاقوامی ٹرانس شپمنٹ کنٹینرز پر پورٹ چارجز میں 40 فیصد تک کمی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ٹرانزٹ کنٹینر کارگو پر بھی پورٹ چارجز میں 31 فیصد تک رعایت دی گئی ہے۔جنید انوار چوہدری نے جنرل کارگو کے لیے ایک ماہ مفت اسٹوریج سہولت متعارف کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانزٹ اور ٹرانس شپمنٹ کارگو لانے والے جہازوں کو بڑا ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دیگر قومی بندرگاہوں کے مقابلے میں گوادر پورٹ پر ریکارڈ مراعات دی جا رہی ہیں اور گوادر کو علاقائی لاجسٹکس حب بنانے کی پالیسی پر عملی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نئے ٹیرف سے شپنگ کمپنیوں کے آپریشنل اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی، جبکہ کارگو ہینڈلنگ میں اضافے سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ ان کے مطابق اس اقدام سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے اور لاجسٹکس شعبے میں توسیع کی بھی توقع ہے۔چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے کہا کہ نئے ٹیرف اسٹرکچر سے بلوچستان میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور تجارتی سرگرمیوں میں مزید تیزی آئے گی۔