حج رجسٹریشن میں بڑی پیشرفت، 10 دن میں 1 لاکھ 78 ہزار درخواستیں موصول
اسلام آباد( تر کیہ خبر) وزارت مذہبی امور کے آن لائن حج پورٹل کے ذریعے 10 دنوں کے اندر ایک لاکھ 78 ہزار سے زائد حج درخواستوں کی رجسٹریشن مکمل ہو گئی ہے۔وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق موجودہ حکومت کے وژن کے تحت حج انتظامات کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کے اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔ اس سلسلے میں آن لائن حج پورٹل اور موبائل ایپ “پاک حج” کے ذریعے عازمین کو گھر بیٹھے رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی 10 دنوں میں اتنی بڑی تعداد میں رجسٹریشن مکمل ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام ڈیجیٹل نظام پر اعتماد کر رہے ہیں۔ اس پورے عمل میں کسی دفتری کارروائی کی ضرورت نہیں پڑی، جسے شفافیت اور سہولت کے حوالے سے اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔عوامی حلقوں کی جانب سے اس نئے نظام کو سراہا جا رہا ہے اور اسے سرکاری خدمات کی فراہمی میں جدید، شفاف اور مؤثر اصلاحات کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔وزارت کے مطابق وزیراعظم کی ہدایات کے تحت حج واجبات کی ادائیگی کے نظام کو بھی مکمل طور پر ڈیجیٹل بنایا جا رہا ہے، جس کے بعد اگلے مرحلے میں عازمین گھر بیٹھے آن لائن ادائیگی کر سکیں گے۔اس مقصد کے لیے ون لنک کے تعاون سے ایک جدید نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے ذریعے بینکوں یا دفاتر جانے کی ضرورت ختم ہو جائے گی اور تمام مراحل موبائل ایپ یا آن لائن پورٹل کے ذریعے مکمل کیے جا سکیں گے۔یہ نیا ڈیجیٹل نظام بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی سہولت فراہم کرے گا، جس کے ذریعے وہ دنیا کے کسی بھی ملک سے اپنی رجسٹریشن، درخواست کی صورتحال اور ادائیگی کا عمل آسانی سے مکمل کر سکیں گے۔