شام میں بارودی سرنگوں کے دھماکے، ایک ہفتے میں 4 بچے جاں بحق

شام میں بارودی سرنگوں کے دھماکے، ایک ہفتے میں 4 بچے جاں بحق

دمشق (مانیٹرنگ ڈیسک) شام میں بارودی سرنگوں اور جنگ کے دوران پھٹنے سے رہ جانے والے دھماکہ خیز گولہ بارود کے واقعات میں ایک ہفتے کے دوران 4 بچے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔عالمی امدادی ادارے سیو دی چلڈرن نے خبردار کیا ہے کہ طویل خانہ جنگی کے بعد اپنے گھروں کو واپس آنے والے خاندانوں، بالخصوص بچوں کو بارودی سرنگوں اور ناکارہ گولہ بارود سے سنگین خطرات لاحق ہیں۔تازہ ترین واقعے میں پالمیرا کے نواحی علاقے میں 8 سے 12 سال کی عمر کے 3 بچے بھیڑیں چراتے ہوئے ناکارہ دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ہلاک ہوگئے۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے ایک اسکول میں بارودی سرنگ پھٹنے کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق جبکہ بچوں اور اساتذہ سمیت 14 افراد زخمی ہوئے تھے۔اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2024 سے اب تک شام میں بارودی سرنگوں اور ناکارہ دھماکہ خیز مواد کے باعث 269 بچے ہلاک جبکہ ایک ہزار 616 زخمی ہوچکے ہیں۔اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کے تخمینے کے مطابق شام میں تقریباً 50 لاکھ بچے ایسے علاقوں میں مقیم ہیں جہاں بارودی سرنگوں اور دیگر دھماکہ خیز مواد سے ان کی جانوں کو خطرات لاحق ہیں۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.