خیبرپختونخوا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار جانوں کی قربانی دی، وزیراعلیٰ
پشاور( ترکیہ خبر) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار جانوں کی قربانی دی، تاہم صوبے کے عوام نے ہمیشہ ریاست کا ساتھ دیا۔پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منصوبہ صرف تین ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا، جو صوبائی حکومت کی مؤثر کارکردگی کا مظہر ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ 2013 سے قبل پشاور کی صورتحال انتہائی خراب تھی اور شہر تباہ حالی کا منظر پیش کرتا تھا، لیکن موجودہ حکومت نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے شہر کی حالت میں نمایاں بہتری لائی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پشاور اور خیبرپختونخوا کے عوام نے بے مثال قربانیاں دیں، جبکہ بے گھر ہونے والے افراد کی میزبانی میں بھی صوبے کے عوام نے مثالی کردار ادا کیا۔سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ماضی کی غلط پالیسیوں کے باعث خیبرپختونخوا کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، تاہم بے شمار قربانیوں کے باوجود صوبے کے عوام نے کبھی ریاست مخالف رویہ اختیار نہیں کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک بار پھر صوبے پر دہشت گردی مسلط کی جا رہی ہے۔انہوں نے قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کو اس کا مکمل مالی حصہ نہیں مل رہا اور سالانہ 420 ارب روپے کی عدم ادائیگی صوبے کے ساتھ ناانصافی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بانی کے وژن کے مطابق ریکارڈ ترقیاتی منصوبے متعارف کرائے گئے ہیں اور رواں سال خیبرپختونخوا کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی پروگرام پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک کا کوئی اور صوبہ اس نوعیت کا ترقیاتی پروگرام پیش نہیں کر سکا۔انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے پشاور سے مسلسل تیسری مرتبہ انتخابات میں کامیابی حاصل کی، جبکہ پنجاب حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی پر خاطر خواہ توجہ نہیں دے رہی۔ وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں یکساں ترقی کو یقینی بنانے کے لیے کام جاری رکھے گی۔