گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کا گندم اور صوبائی حقوق پر وفاق سے شکوہ
پشاور( ترکیہ خبر)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مریم نواز باکو میں روٹیاں لگا سکتی ہیں تو کے پی کے کو گندم کیوں نہیں دے سکتیں۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے کے حقوق کے لیے وزیراعلیٰ ہاؤس اور گورنر ہاؤس مل کر کام کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ وفاق اور صوبے کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور صوبے کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ملک کے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر صوبائی مسائل کے حل کے لیے کام کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی میں گروپ بندی ان کا داخلی معاملہ ہے اور اپوزیشن میں بھی مختلف گروپس موجود ہیں، تاہم کسی بھی سیاسی صورتحال پر حتمی بات قبل از وقت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ گندم پر پابندی آئین کی خلاف ورزی ہے، جبکہ پنجاب سے گندم کی ترسیل انتہائی مشکل بنا دی گئی ہے۔ ان کے مطابق اس صورتحال میں پنجاب سے آٹا لانا سونے کے بسکٹ لانے سے بھی زیادہ مشکل ہو گیا ہے۔گورنر کے پی نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ اس مسئلے کو فوری حل کریں اور سندھ سے گندم منگوانے میں رکاوٹیں بھی دور کی جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کی جانب سے آٹے کی فراہمی روکنا کے پی کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔ ان کے مطابق اگر صوبے کے پاس موجود وسائل جیسے بجلی، گیس اور پانی بھی بند کر دیے جائیں تو صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے، اس لیے سب کو ملک کے وسیع تر مفاد میں سوچنا ہوگا۔