کم جونگ اُن اور چینی رہنما کی ملاقات، تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق
پیانگ یانگ( مانیٹرنگ ڈیسک) شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس (سی پی پی سی سی) کی قومی کمیٹی کے چیئرمین وانگ ہننگ سے ملاقات کی۔شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے مطابق ملاقات پیانگ یانگ میں ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان روایتی دوستی، باہمی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران کم جونگ اُن اور وانگ ہننگ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دیتے ہوئے اپنے تعلقات کو مزید بلندیوں تک لے جائیں گے۔اس موقع پر وانگ ہننگ نے کہا کہ کم جونگ اُن کی قیادت میں شمالی کوریا کے سوشلزم کے لیے چین کی حمایت ہمیشہ برقرار رہے گی اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔