اسلام آباد( ترکیہ خبر)جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سینیٹر مولانا عطاالرحمان نے وفاقی اور خیبرپختونخوا حکومتوں کی پالیسیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے صوبے کی صورت حال کو نہایت تشویشناک قرار دے دیا۔ ایوان میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو عملاً دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے اور حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ عوام خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں بدامنی عروج پر ہے، روزانہ لاشیں اٹھ رہی ہیں مگر منتخب نمائندوں کو بات کرنے تک کی اجازت نہیں دی جاتی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی بے حسی خطرناک رخ اختیار کر چکی ہے اور یہ طرز عمل خدانخواستہ ملک کو تقسیم کی طرف لے جا سکتا ہے۔مولانا عطاالرحمان نے لکی مروت کی صورت حال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نورنگ بازار سمیت مختلف علاقوں میں خونریزی معمول بن چکی ہے، شہری اپنے گھروں تک محدود ہو گئے ہیں اور شام ڈھلتے ہی زندگی مفلوج ہو جاتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر بند کمرہ اجلاس بلا کر حالات کا جائزہ لیا جائے تاکہ حقائق سامنے آ سکیں، تاہم اس مطالبے کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بہنے والے خون کو نظرانداز کرنا ناقابل قبول ہے اور یہ تاثر پیدا ہو رہا ہے کہ ان علاقوں کے عوام کی جان کی کوئی قدر نہیں رہی۔ انہوں نے اسٹیبلشمنٹ اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ وہ عوام کے دکھ کو سمجھیں اور سنجیدہ اقدامات کریں۔سینیٹر نے صوبائی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبے میں حکومتی رٹ نظر نہیں آتی جبکہ وزیراعلیٰ حالات کی سنگینی کے باوجود غیر سنجیدہ دکھائی دیتے ہیں۔دوسری جانب وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے مولانا عطاالرحمان کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ کسی کی آواز نہیں سنی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی افواج اور سکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہے ہیں اور پوری قوم اس جنگ میں متحد ہے۔انہوں نے کہا کہ بنوں اور لکی مروت میں دشمن نرم اہداف کو نشانہ بنا رہا ہے تاہم حکومت اور ریاستی ادارے پرعزم ہیں کہ دہشت گردوں کو شکست دی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کو کسی ایک صوبے تک محدود قرار دینا درست نہیں اور پاکستان ہر حال میں قائم و دائم رہے گا۔
خیبرپختونخوا کو عملاً دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے: مولانا عطاالرحمان
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان