خواجہ آصف کی بھارتی ہم منصب اشتعال انگیز بیان کی مذمت
اسلام آباد( تر کیہ خبر) وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی ہم منصب راجناتھ سنگھ کے متنازع اور اشتعال انگیز بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھارتی وزیر دفاع کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔خواجہ آصف نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ایسے بیانات سیاسی بیان بازی اور طاقت کے اظہار کے ذریعے عالمی سطح پر تسلیم شدہ حقائق کو مسخ کرنے کی مسلسل کوشش کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے بیانات نہ تو بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کی حقیقت تبدیل کر سکتے ہیں اور نہ ہی خطے میں امن، استحکام یا بامقصد مذاکرات کے فروغ میں کوئی کردار ادا کر سکتے ہیں۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر ایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے، جس کا حتمی حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی آزادانہ طور پر ظاہر کی گئی خواہشات کے مطابق ہونا باقی ہے۔