جسٹس سردار ڈوگر نے 5 روز میں 381 مقدمات نمٹا دیے
لاہور( تر کیہ خبر) جسٹس سردار علی اکبر ڈوگر عدالتی تعطیلات کے دوران سب سے زیادہ مقدمات نمٹانے والے جج بن گئے، انہوں نے صرف 5 روز میں 381 مقدمات کے فیصلے کیے۔رپورٹ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس سردار علی اکبر ڈوگر نے 10 فروری 2025 سے 31 جولائی 2026 تک مجموعی طور پر 11 ہزار 550 مقدمات نمٹائے۔انہوں نے لاہور ہائیکورٹ کی پرنسپل سیٹ پر 5 ہزار 496 مقدمات کے فیصلے کیے، جبکہ ڈویژن بینچز نے 2 ہزار 269 مقدمات نمٹائے۔رپورٹ کے مطابق راولپنڈی بینچ میں جسٹس سردار علی اکبر ڈوگر نے 756 مقدمات نمٹائے، جن میں سنگل بینچ کے 524 جبکہ ڈویژن بینچز کے 232 مقدمات شامل ہیں۔ملتان بینچ میں مجموعی طور پر ایک ہزار 820 مقدمات نمٹائے گئے، جن میں جسٹس سردار علی اکبر ڈوگر نے بطور سنگل بینچ ایک ہزار 247 جبکہ ڈویژن بینچز نے 573 مقدمات کے فیصلے کیے۔اسی طرح بہاولپور بینچ میں مجموعی طور پر ایک ہزار 209 مقدمات نمٹائے گئے، جن میں سنگل بینچ کے 973 اور ڈویژن بینچز کے 236 مقدمات شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق عدالتی تعطیلات کے دوران 27 سے 31 جولائی 2026 تک لاہور ہائیکورٹ کی پرنسپل سیٹ پر 425 مقدمات نمٹائے گئے، جن میں جسٹس سردار علی اکبر ڈوگر نے 381 جبکہ ڈویژن بینچ نے 44 مقدمات کے فیصلے کیے۔جسٹس سردار علی اکبر ڈوگر نے مختلف نوعیت کے مقدمات نمٹائے، جن میں حبس بے جا کی 57 درخواستیں، قبل از گرفتاری ضمانت کی 33 درخواستیں، بعد از گرفتاری ضمانت کی 27 درخواستیں، ضمانت منسوخی کی 12 درخواستیں اور ایف آئی آر کے اخراج سے متعلق 32 درخواستیں شامل ہیں۔انہوں نے مقدمات کے اندراج سے متعلق 53 درخواستیں، پولیس ہراساں کرنے سے متعلق 63 درخواستیں، حراست اور حبس بے جا سے متعلق 74 درخواستیں، شناختی کارڈ و شہریت سے متعلق 5 جبکہ مذہبی نوعیت کے 14 مقدمات بھی نمٹائے۔وکلا تنظیموں نے بروقت انصاف کی فراہمی میں کردار ادا کرنے پر جسٹس سردار علی اکبر ڈوگر کو خراج تحسین پیش کیا۔