کراچی( ترکیہ خبر)جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب فیصلے ایوانوں کے بجائے میدان میں ہوں گے۔کراچی میں وحدت امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کئی دہائیوں سے عالمی ظلم و جبر کا شکار ہے، فلسطین اور غزہ میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر پوری دنیا خاموش تماشائی بنی رہی۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امت مسلمہ کو اتحاد کی ضرورت ہے اور عرب ممالک کو مشترکہ دفاعی قوت بن کر آگے آنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر خطے میں کشیدگی بڑھی تو اس کے اثرات پورے عالم اسلام تک پہنچ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ملک میں محبت، برداشت اور قومی یکجہتی کی سیاست کر رہی ہے، ہم آئین اور جمہوری نظام پر یقین رکھتے ہیں اور نفرت و شدت پسندی کے خلاف ہیں۔مولانا فضل الرحمان نے الزام عائد کیا کہ انتخابی عمل میں دھاندلی کے ذریعے ان کی جماعت کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جاتی ہے، جبکہ علما اور کارکن مسلسل نشانہ بن رہے ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ 22 مئی کو ملک بھر کے ضلعی مراکز میں مہنگائی کے خلاف مظاہرے کیے جائیں گے جبکہ 4 جون کو پشین میں بڑا جلسہ منعقد ہوگا۔