مسجد اقصیٰ میں یہودی آبادکاروں کے دھاوے اور رسومات میں اضافہ
مقبوضہ بیت المقدس( مانیٹرنگ ڈیسک) مسجد اقصیٰ میں یہودی آبادکاروں کی جانب سے زبردستی داخل ہوکر مذہبی رسومات ادا کرنے کے واقعات میں تیزی آگئی ہے۔مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق آبادکار مسجد اقصیٰ کے صحنوں میں اشتعال انگیز دورے کرتے اور تلمودی رسومات ادا کرتے ہیں، جبکہ اسرائیلی پولیس انہیں سخت سکیورٹی فراہم کرتی ہے۔اس دوران اسرائیلی فورسز نے مسلمان نمازیوں کے داخلے پر پابندیاں برقرار رکھیں، بیرونی دروازوں پر متعدد نمازیوں کے شناختی کارڈ ضبط کیے اور درجنوں افراد کو مسجد سے دور کردیا۔رپورٹ کے مطابق یہودی آبادکار ہفتہ اور اتوار کے علاوہ روزانہ دو مرتبہ مسجد اقصیٰ کے صحنوں میں داخل ہوتے ہیں، جہاں انہیں اسرائیلی فوج اور پولیس کی جانب سے تحفظ فراہم کیا جاتا ہے، جبکہ مسلمان نمازیوں کو داخلے سے روک دیا جاتا ہے۔مسجد اقصیٰ کا انتظامی کنٹرول اردن کے زیرِ انتظام ادارہ اسلامی اوقافِ یروشلم سنبھالتا ہے۔ تاریخی طور پر نافذ ضابطۂ حالت کے تحت غیر مسلموں کو مخصوص اوقات میں مسجد کے احاطے میں بطور زائر داخلے کی اجازت ہے، تاہم وہاں مذہبی رسومات یا عبادت کی اجازت نہیں۔اردن کی جانب سے مقرر کردہ وقف کونسل مسجد کے روزمرہ انتظامی امور، تعمیر و مرمت اور دیگر معاملات کی نگرانی کرتی ہے، جبکہ اردن کے شاہی خاندان کو مقبوضہ بیت المقدس کے مقدسات کا محافظ تصور کیا جاتا ہے۔