اسلام آباد( ترکیہ خبر)کراچی سے جدہ سے واپسی کے لیے تیار پی آئی اے کی حج پرواز ایک بار پھر فنی خرابی کے باعث تاخیر کا شکار ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق جدہ ہوائی اڈے پر طیارہ روانگی کے لیے تیار تھا کہ اچانک فنی خرابی پیدا ہونے پر اسے ریمپ سے واپس لے جایا گیا۔ اس صورتحال کے باعث وطن واپسی کے منتظر حجاج کرام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔حج پرواز کو صبح کراچی کے لیے روانہ ہونا تھا تاہم کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود پرواز روانہ نہ ہو سکی۔ مسافروں کو عارضی طور پر لاؤنج میں منتقل کر دیا گیا جبکہ طیارے کی خرابی دور کرنے کے لیے انجینئرز موقع پر پہنچ گئے۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق جیسے ہی فنی خرابی دور ہو گی، پرواز کو فوری طور پر روانہ کر دیا جائے گا۔ ترجمان نے حجاج کرام کو پیش آنے والی مشکلات پر افسوس اور معذرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کی انتظامیہ اور انجینئرنگ ٹیم مسئلے کے حل کے لیے مسلسل کوشش کر رہی ہے۔