نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) جالندھر میں فوجی کیمپ کے قریب ہونے والے دھماکے کے بعد بھارتی ذرائع ابلاغ نے بغیر کسی واضح ثبوت کے پاکستان پر الزامات عائد کر دیے۔بھارتی حکام نے ایک مشتبہ شخص کی گرفتاری ظاہر کرتے ہوئے اس کا تعلق پاکستان سے جوڑنے کی کوشش کی، جبکہ گرفتار فرد بھارتی پنجاب کا رہائشی بتایا جا رہا ہے۔بھارتی ذرائع ابلاغ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ دھماکا بیرون ملک سے موصول ہونے والی ہدایات پر کیا گیا، تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی قابلِ اعتماد شواہد سامنے نہیں آئے۔سیاسی و دفاعی امور کے ماہرین کے مطابق بھارت میں داخلی مسائل، مہنگائی، توانائی بحران اور سیاسی دباؤ سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان مخالف بیانیہ اختیار کیا جاتا رہا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ جالندھر واقعے کے بعد بھی بغیر تحقیقات الزام تراشی نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے، جبکہ عوامی حلقوں میں اس طرزِ عمل پر تنقید کی جا رہی ہے۔