اٹلی کا باب المندب میں تجارتی جہازوں کے تحفظ کیلئے جنگی بحری جہاز بھیجنے کا فیصلہ
روم (مانیٹرنگ ڈیسک) اٹلی نے بحیرہ احمر کی اہم گزرگاہ باب المندب سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کی حفاظت کیلئے جنگی بحری جہاز تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔الجزیرہ کے مطابق اطالوی وزیر دفاع گائیڈو کروسیتو نے کہا ہے کہ اٹلی یورپی یونین کے مشترکہ فیصلے کا انتظار کیے بغیر تجارتی بحری جہازوں کے تحفظ کیلئے اپنے جنگی جہاز روانہ کرے گا۔گائیڈو کروسیتو نے خبردار کیا کہ اگر باب المندب کے راستے بحری آمدورفت مکمل طور پر متاثر ہوئی تو عالمی معیشت کو سنگین اقتصادی نقصان پہنچ سکتا ہے۔باب المندب بحیرہ احمر اور خلیج عدن کے درمیان واقع اہم سمندری گزرگاہ ہے، جو ایشیا، یورپ اور مشرق وسطیٰ کے درمیان تجارت اور توانائی کی ترسیل میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔اٹلی کا یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ اور حوثیوں کی کارروائیوں کے باعث بحیرہ احمر اور باب المندب سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کی سلامتی سے متعلق خدشات بڑھ گئے ہیں۔اطالوی وزیر دفاع کے مطابق عالمی تجارت اور سپلائی چین پر مزید دباؤ سے بچنے کیلئے اس بحری راستے کو محفوظ بنانا ضروری ہے۔