اسرائیلی آبادکاری فلسطینی ریاست کیلئے بڑا خطرہ ہے، اسحاق ڈار

اسرائیلی آبادکاری فلسطینی ریاست کیلئے بڑا خطرہ ہے، اسحاق ڈار

اسلام آباد( تر کیہ خبر) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسرائیلی آبادکاری کی مذمت کرتے ہوئے اسے فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ میں سنگین رکاوٹ قرار دیا ہے۔اسلامی تعاون تنظیم کی فلسطین کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے غزہ اور مغربی کنارے کی بگڑتی صورتحال پر فوری توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سفارتی کوششوں سے سیاسی پیش رفت کی امید پیدا ہوئی ہے، تاہم سکیورٹی کی غیر یقینی صورتحال اور انسانی بحران بدستور تشویشناک ہیں۔وزیر خارجہ نے غزہ میں جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تنازع کے حل کے لیے ثالثی کرنے والے ممالک کی کوششوں کو سراہا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں اسرائیلی الحاق کی پالیسیاں اور آبادکاری مستقبل کی فلسطینی ریاست کی جغرافیائی سالمیت کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی دراندازی کی بھی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون اور مقدس مقامات کی تاریخی حیثیت کی خلاف ورزی قرار دیا۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کو مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے نئے اور مربوط سفارتی لائحہ عمل کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام صرف پائیدار اور قابلِ اعتماد سیاسی عمل کے ذریعے ممکن ہے، جس کیلئے تنظیم کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.