اسرائیلی پارلیمنٹ تحلیل، اکتوبر میں نئے انتخابات کا اعلان
تل ابیب( مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) اپنی چار سالہ آئینی مدت مکمل کرنے کے بعد اکتوبر میں ہونے والے انتخابات سے قبل تحلیل کر دی گئی۔امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق پارلیمنٹ تحلیل کیے جانے سے پہلے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی اتحادی جماعتوں نے کئی متنازع بل منظور کیے۔ اب کنیسٹ 27 اکتوبر کو ہونے والے عام انتخابات سے قبل دوبارہ اجلاس نہیں کرے گی۔پارلیمنٹ کی تحلیل ایسے وقت میں ہوئی ہے جب وزیراعظم نیتن یاہو کو آئندہ انتخابات سے قبل اقتدار برقرار رکھنے کے لیے سیاسی مشکلات کا سامنا ہے۔ مختلف عوامی جائزوں کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے، جن کی قیادت سابق وزیراعظم نفتالی بینیٹ اور ایک معروف اعتدال پسند سابق فوجی سربراہ کر رہے ہیں۔اسرائیل کی سیاسی تاریخ میں کسی حکومت کا اپنی مکمل چار سالہ آئینی مدت پوری کرنا ایک غیر معمولی واقعہ تصور کیا جاتا ہے۔ اس سے قبل آخری مرتبہ 1988 میں اسرائیلی حکومت نے قبل از وقت انتخابات کے بغیر اپنی مدت مکمل کی تھی۔اسرائیل میں وزیراعظم کے عہدے کے لیے آئینی مدت کی کوئی حد مقرر نہیں، جبکہ نیتن یاہو ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ عرصہ وزارت عظمیٰ سنبھالنے والے رہنما ہیں۔ تاہم ان کے لیے بھی مکمل چار سالہ حکومتی مدت کا اختتام ایک اہم سیاسی مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے۔