مکہ دفاعی معاہدہ اسرائیل کیلئے خطرناک پیش رفت ہے: اسرائیلی وزیر
تل ابیب( مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان طے پانے والے دفاعی معاہدے پر اسرائیلی حکومت نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔اسرائیلی وزیر برائے امورِ تارکینِ وطن نے مکہ معاہدے کو انتہائی خطرناک اور پریشان کن پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے اسرائیل کے لیے سنگین نتائج سامنے آسکتے ہیں۔اسرائیلی وزیر کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پہلے ہی دفاعی معاہدہ موجود ہے، اب ترکیے کی شمولیت سے اس اتحاد میں ایک ایسا ملک بھی شامل ہوگیا ہے جس کے اسرائیل کے ساتھ براہِ راست اختلافات ہیں۔واضح رہے کہ دو روز قبل سعودی شہر مکہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان دفاعی معاہدہ طے پایا تھا، جس پر تینوں ممالک کے سربراہان نے دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت کسی ایک ملک پر ہونے والا حملہ تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔اس سے قبل پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بھی دفاعی معاہدہ موجود تھا، جس کے تحت کسی ایک ملک پر حملے کو دوسرے ملک پر حملہ تصور کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔