غزہ( مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے غزہ شہر میں ایک فضائی حملے کے دوران حماس کے کمانڈر عزالدین الحداد کو ہلاک کر دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے مشترکہ بیان میں کہا کہ عزالدین الحداد اسرائیلی افواج کے قتل، اغوا اور انہیں زخمی کرنے میں ملوث تھا۔اسرائیلی حکام کے مطابق غزہ میں ایک رہائشی عمارت کو دو مختلف سمتوں سے داغے گئے تین میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، جبکہ حملے سے قبل ایک گاڑی کو بھی نشانہ بنایا گیا۔غزہ میں جاری جنگ بندی کے باوجود یہ تازہ ترین حملہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب حماس کی طرف سے اسرائیلی دعوے کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔عینی شاہدین کے مطابق ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں تاہم زخمیوں کو نکالنے میں شدید مشکلات پیش آئیں۔ اطلاعات کے مطابق عمارت سے ایک لاش اور متعدد زخمیوں کو نکالا گیا ہے۔