اسحاق ڈار کی زیر صدارت پاکستان کی عالمی سفارتی سرگرمیوں کا جائزہ اجلاس
اسلام آباد ( ترکیہ خبر) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان کی مختلف کثیرالجہتی سفارتی سرگرمیوں میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اجلاس کے دوران آئندہ ہونے والے اہم عالمی پروگراموں اور اعلیٰ سطحی اجلاسوں کی تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے عالمی سطح پر تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور مختلف بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کے مؤقف کو مؤثر انداز میں پیش کرنے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔اجلاس میں سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ، اقوام متحدہ امور کی خصوصی سیکرٹری، ایشیا پیسیفک کے ایڈیشنل سیکرٹری اور وزارت خارجہ کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔