اسحاق ڈار سے ترک سفیر اور برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات

اسحاق ڈار سے ترک سفیر اور برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات

اسلام آباد ( تر کیہ خبر) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ترکیہ کے سفیر عرفان نذیراوغلو اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں علاقائی، دوطرفہ اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دفتر خارجہ کے مطابق ترک سفیر سے ملاقات میں خطے کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ مسائل کے حل اور دیرپا امن کے قیام کیلئے مذاکرات اور سفارتکاری ہی قابلِ عمل راستہ ہیں۔ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے امور بھی زیرِ بحث آئے۔ ترک سفیر نے مختلف دوطرفہ ادارہ جاتی نظاموں میں ہونے والی پیشرفت سے نائب وزیراعظم کو آگاہ کیا اور کہا کہ اعلیٰ سطحی روابط کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں مزید پیشرفت جاری ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ ترجیحی شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے مشترکہ کمیشن اور اعلیٰ سطحی تزویراتی تعاون کونسل کے آٹھویں اجلاس کی تیاریوں پر توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو قریبی رابطہ رکھنے پر زور دیا۔دریں اثنا برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بھی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات پر بات چیت ہوئی۔ملاقات میں دورۂ برطانیہ کے دوران طے پانے والی مفاہمتوں پر عملدرآمد اور مختلف شعبوں میں تعاون مزید مستحکم کرنے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔اسحاق ڈار نے اعلیٰ سطحی روابط کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی برطانوی ہائی کمشنر سے تبادلہ خیال کیا۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.