اسحاق ڈار اور مصری وزیر خارجہ کا خطے کی صورتحال پر ٹیلیفونک رابطہ
اسلام آباد( ترکیہ خبر)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے درمیان مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے قیام کے لیے سنجیدہ اور مخلصانہ کوششیں کر رہا ہے۔گفتگو کے دوران پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ پر مشتمل علاقائی مشاورتی فورم سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے وابستہ معاملات اور وسیع تر عالمی سفارتی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔مصری وزیر خارجہ نے امریکہ کی تحویل میں لیے گئے جہازوں پر موجود 20 ایرانی اور 11 پاکستانی ملاحوں کی وطن واپسی کے لیے پاکستان کی جانب سے فراہم کی گئی انسانی ہمدردی پر مبنی معاونت کو سراہا۔گفتگو کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر مسلسل رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا، جبکہ بدر عبدالعاطی نے اسحاق ڈار کو مصر کے دورے کی دعوت بھی دہرائی۔