اسلام آباد( ترکیہ خبر) امریکا کے ساتھ مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے سلسلے میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں ایرانی وفد اسلام آباد پہنچ گیا۔دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وفد کا استقبال کیا، اس موقع پر پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ اپنے دورہ پاکستان کے دوران اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں خطے کی تازہ صورتحال اور امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔عباس عراقچی اپنے دورے کے اگلے مرحلے میں مسقط اور ماسکو بھی جائیں گے، انہوں نے اس سے قبل اپنے بیان میں کہا تھا کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ روابط کو ترجیح دی جا رہی ہے اور اس دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا اور علاقائی پیش رفت پر مشاورت کرنا ہے۔دوسری جانب امریکی حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ مذاکرات میں شرکت کے لیے امریکی وفد ہفتے کے روز پاکستان پہنچے گا۔