ایران کا امریکا کو انتباہ، حملے کی صورت میں علاقائی انفراسٹرکچر متاثر ہونے کا خدشہ
تہران( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے امریکا کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر واشنگٹن نے ایرانی بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی دھمکی پر عمل کیا تو خطے کے دیگر ممالک کا انفراسٹرکچر بھی محفوظ نہیں رہے گا۔ایرانی فوج کے مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کی جانب سے ایران کے بنیادی ڈھانچے پر کسی بھی حملے کی کوشش کا بھرپور اور سخت جواب دیا جائے گا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر امریکا نے اپنے منصوبوں پر عمل درآمد کیا تو پورے خطے کا انفراسٹرکچر ایرانی مسلح افواج کی کارروائیوں کی زد میں آ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران اپنی قومی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان فوجی کارروائیوں اور جوابی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔سیاسی مبصرین کے مطابق ایران کا یہ انتباہ ظاہر کرتا ہے کہ اگر تنازع مزید شدت اختیار کرتا ہے تو اس کے اثرات صرف دونوں ممالک تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پورا خطہ، توانائی کے مراکز اور عالمی تجارتی راستے بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کے باعث عالمی برادری کی نظریں مشرق وسطیٰ پر مرکوز ہیں، کیونکہ کسی بھی نئی فوجی کارروائی سے علاقائی امن، عالمی معیشت اور تیل کی منڈیوں پر نمایاں اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔